04 جولائی ، 2024
گوگل میپس میں ایک ایسے کارآمد فیچر کا اضافہ ہونے والا ہے جو گروپس میں سفر کرنے کا انداز بدل دے گا۔
درحقیقت اس فیچر سے مختلف گاڑیوں پر سوار افراد ایک ہی منزل کی جانب اکٹھے نیوی گیشن کرسکیں گے۔
اس فیچر کے بارے میں ایک لیک میں بتایا گیا۔
لیک کے مطابق اس فیچر سے متعدد گاڑیوں کو رئیل ٹائم میں اکٹھے نیوی گیشن کرنے کا موقع ملے گا، چاہے وہ مختلف جگہوں سے ہی کیوں نہ روانہ ہوئی ہوں۔
ابھی گوگل میپس میں صرف ایک گاڑی میں نیوی گیشن اور دیگر تفصیلات دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
مگر مختلف گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد کے لیے کسی ایک منزل پر پہنچنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
مگر نئے کو نیوی گیشن (co-navigation) فیچر سے لوگوں کو اس مسئلے کا سامنا نہیں ہوگا اور الگ الگ گاڑیوں میں سفر کرنے والے دوستوں یا گھر والوں کے ساتھ رئیل ٹائم میں رابطہ رہ سکے گا۔
نوٹیفکیشنز، شیئر وہیکل لوکیشنز اور میٹنگ پوائنٹس وغیرہ اس فیچر کے خاص پہلو ہیں جو تمام ڈرائیورز کو ایک دوسرے سے جڑے رکھنے میں مدد فراہم کریں گے جبکہ راستہ بھٹک جانے یا تاخیر کا امکان کم ہو جائے گا۔
گوگل میپس کا سسٹم اس راستے میں قیادت کرنے والے گاڑی کی اپ ڈیٹس سے دیگر تمام ڈرائیورز کو آگاہ رکھے گا۔
ابھی یہ معلوم نہیں کہ گوگل میپس کی جانب سے اس فیچر کو باضابطہ طور پر کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔