Time 05 جولائی ، 2024
دنیا

برطانیہ عام انتخابات: سربراہ لیبر پارٹی سر کئیر اسٹارمر کا کامیابی پر اظہار  تشکر

برطانیہ عام انتخابات: سربراہ لیبر  پارٹی سر کئیر  اسٹارمر کا کامیابی پر اظہار  تشکر
فوٹو: فائل

برطانوی عام انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایگزٹ پولز میں لیبر پارٹی کی کامیابی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

عام انتخابات میں ممکنہ کامیابی پر  لیبر پارٹی کے لیڈر سر کئیر اسٹارمر نے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز سے اظہار تشکر کیلئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیاہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں لیبر پارٹی کے سربراہ سر کئیر اسٹارمر نے کہا کہ پارٹی کیلئے مہم چلانے اور ووٹ دینے والوں کا شکرگزار ہوں۔

ڈپٹی لیڈر لیبر پارٹی انجیلا رینر نے کہا کہ سر کئیر اسٹارمر نے پارٹی کو تبدیل کرنے کیلئے زبردست کام کیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں قبل از وقت عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی اور ساتھ ہی ایگزٹ پول بھی جاری کر دیا گیا جس میں لیبر پارٹی کو برتری حاصل ہے۔

پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کیلئے اپوزیشن کی لیبر پارٹی، حکمران کنزریٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، اسکاٹش نیشنل پارٹی، ریفارمز اور دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 4500 سے زائد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔

ایگزٹ پول کے مطابق لیبر پارٹی کو 410 اور کنزرویٹوپارٹی کو 131 نشستوں پر کامیابی کی توقع ہے جبکہ لب ڈیم کو 61، ریفارمز کو 13، ایس این پی کو 10، گرین پارٹی کو 2 اور دیگر کو 23 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

کل 650 نشستوں میں سے 533 انگلینڈ، 59 اسکاٹ لینڈ، 40 ویلز اور 18 نشستیں شمالی آئرلینڈ کی ہیں۔

برطانوی عام انتخابات میں پارلیمنٹ کی 650 نشتوں کیلئے ہونے والی پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 سے رات 10 بجے تک جاری رہی، جس میں تقریباً 5 کروڑ ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل تھے جبکہ ملک بھر میں ووٹنگ کیلئے 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

مزید خبریں :