Time 05 جولائی ، 2024
پاکستان

جیل میں ناروا سلوک، عمران خان نے بھوک ہڑتال کی دھمکی دیدی

جیل میں ناروا سلوک، عمران خان نے بھوک ہڑتال کی دھمکی دیدی
پارٹی سے مشاورت کے بعد بانی پی ٹی آئی بھوک ہڑتال کی تاریخ دیں گے: ذرائع/ فائل فوٹو

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل میں ناروا سلوک پر  بھوک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دے دی۔

 عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  پارٹی رہنماؤں کو اندرونی اختلاف عوام میں لانے سے روک دیا۔

عمران خان نے کہا کہ کل میرے پاس پارٹی رہنما ملاقات کے لیے آئے لیکن انہیں ملنے نہیں دیا گیا، میں تین گھنٹے اندر انتظار کرتا رہا میرے پارٹی رہنما باہر کھڑے رہے، میں نے دونوں گروپس کو اختلافات ختم کرنے کےلیے جیل بلایا تھا۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب مجھ سے لوگوں کو ملنے نہیں دیا جائے گا تو اختلافات کیسے ختم ہوں گے، جیل میں میرے ساتھ ناروا سلوک پر بھوک ہڑتال پر جارہا ہوں، پارٹی سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ان کا خیال ہے اختلافات پیدا کرکے میری پارٹی کو کمزور کریں گے، بات چیت کرنے کا وقت گزر گیا، مذاکرات کا وقت 8 فروری تھا جب عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا،انتخابات میں دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کل اپنی ٹیم سے ملاقات ہوتی تو میں ان کے اختلافات ختم کروا دیتا، پہلے پاکستان ہائبرڈ تھا اب اتھاریٹیٹیو پر چلا گیا ہے ملک میں ڈکٹیٹر شپ ہے، ساری دنیا کو پتا ہے پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بجٹ کے بعد ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی سیاست ختم ہو گئی ہے، ان کے ساتھ وہ ہو گیا ہے جو دشمن کے ساتھ بھی نہیں ہونا چاہیے، میں پارٹی قائدین کو پیغام دے رہا ہوں کہ اپنے اختلافات عوام میں لے کر نہ جائیں، اگر آپ اختلافات عوام میں لے کر جائیں گے تو اپ اپنے اصل مقصد سے ہٹ جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جس الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کرایا انصاف کیلئے اسی کے پاس بھیجا جا رہا ہے، اگر اس فراڈ الیکشن کی تحقیقات ہو جاتی ہیں تو چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6لگ جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جیل والے پریشان ہیں مجھے حمود الرحمان کمیشن رپورٹ جیل میں کیسے مل گئی ، جیل والے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، ایک سال ہونے والا ہے مجھے چکی میں ٹھہرایا ہوا ہے ،  سخت گرمی کے باوجود میں اس کی شکایت نہیں کروں گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت کیسز کی سماعت میں پسند ناپسند نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی اور میرے مقدمات کے ہر بینچ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیسے آ جاتے ہیں، میرے وکلا نے قاضی فائز عیسیٰ کی ہر بینچ میں موجودگی پر اعتراض کیا ہے، اب ہمیں شک ہے کہ ہمیں انصاف نہیں ملنا، جب تک زندہ ہوں میں یہ جنگ لڑوں گا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں گروپس کو اختلافات ختم کرنے کےلیے گزشتہ روز جیل بلایا تھا۔


مزید خبریں :