05 جولائی ، 2024
میٹا نے 5 جولائی 2023 کو ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز متعارف کرایا تھا۔
اب تھریڈز کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے اور 12 ماہ کے دوران اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ساڑھے 17 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔
یہ اعلان میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے تھریڈز کے ایک سال مکمل ہونے پر کیا۔
ایک سال کے دوران تھریڈز کے صارفین کی تعداد میں مستحکم انداز سے اضافہ ہوا ہے مگر آغاز میں جتنی تیزی سے لوگوں نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا رخ کیا تھا، اب وہ اشتیاق نظر نہیں آتا۔
البتہ میٹا کی جانب سے کبھی یہ نہیں بتایا گیا کہ تھریڈز کو روزانہ کتنے افراد استعمال کرتے ہیں، حالانکہ یہ کمپنی فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کو روزانہ استعمال کرنے والوں کے بارے میں اکثر تفصیلات جاری کرتی رہتی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ابھی بھی انسٹا گرام سے ہی نئے صارفین تھریڈز کا رخ کرتے ہیں، کیونکہ دونوں ایپس کا ایک ہی اکاؤنٹ سسٹم ہے اور اس میں تبدیلی کا امکان نہیں۔
خیال رہے کہ آغاز میں محض 5 دنوں میں تھریڈز کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ گئی تھی مگر پھر لوگوں کی دلچسپی ختم ہونے لگی۔
البتہ صارفین کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ برقرار رہا، فروری میں اسے استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ تھی جو اپریل میں 15 کروڑ ہوگئی۔
دنیا بھر میں 100 سے زائد ممالک کے صارفین تھریڈز پوسٹس کو fediverse پر شیئر کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق تھریڈز کی 63 فیصد پوسٹس تحریر پر مبنی ہوتی ہیں جبکہ ہر 4 میں سے ایک پوسٹ میں کم از کم ایک فوٹو کو استعمال کیا جاتا ہے۔
ٹیکسٹ اور فوٹوز سے ہٹ کر تھریڈز میں وائس نوٹس کا استعمال بھی کافی زیادہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں ایکس کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 55 کروڑ سے زائد ہے۔
اسی طرح میٹا کی ایپس فیس بک، انسٹا گرام، میسنجر اور واٹس ایپ کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد جنوری سے مارچ 2024 کے دوران 3 ارب 24 کروڑ تک پہنچ گئی، جو اکتوبر سے دسمبر 2023 کے دوران 3 ارب 19 کروڑ تھی۔