Time 06 جولائی ، 2024
کھیل

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت مقابلے کے تمام ٹکٹ فروخت

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت مقابلے کے تمام ٹکٹ فروخت
پاک بھارت میچ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ ہوگا اور میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پرجوش ہیں/ فوٹو سوشل میڈیا

برمنگھم: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں کل ہونے والے پاک بھارت مقابلے کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے۔ 

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک، بھارت میچ پر دنیا بھر کے شائقین کی نگاہیں جمی ہوئی ہیں، میچ 7 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا جس کے تمام 23 ہزار ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔

پاک بھارت میچ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ ہوگا اور  میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پرجوش ہیں۔

پاکستان چیمپئنز کے کھلاڑی یونس خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت کے خلاف کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، ہماری ٹیم نے کافی تیاری کی ہے اور ہم ایک بہترین کھیل پیش کریں گے۔

اسی طرح کے خیالات کا اظہار بھارتی چیمپئنز کے رکن سریش رائنا نے بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک اعزاز ہے اور 7 جولائی کا میچ  بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے، ہماری ٹیم پوری طرح تیار ہے اور بھرپور مقابلہ کریں گے۔

لیگ میں شریک پاکستانی ٹیم کپتان شاہد آفریدی، شرجیل خان، عمر اکمل، یونس خان، شعیب ملک، مصباح الحق، عبدالرزاق، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، عبدالرحمان، عامر  یامین، توفیق عمر، شعیب مقصود، یاسر عرفات اور تنویر احمد پر مشتمل ہے۔

بھارتی ٹیم میں کپتان یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، رابن اتھپا، امباتی رائیڈو، گرکیرت مان، راہول شرما، نامن اوجھا، راہول شکلا، آر پی سنگھ، ونئے کمار، دھاول کلکرنی، سوربھ تیواری، انوریت سنگھ اور پون نیگی شامل ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظور شدہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 3 جولائی کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ میدان میں شروع ہوئی جو 18 جولائی تک جاری رہے گی۔

مزید خبریں :