27 فروری ، 2012
کراچی … موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستانی بینکوں کی سرکاری بانڈز میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری پوری بینکاری صنعت کیلئے منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ موڈیز انوسٹرز سروسز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بینکاری نظام کو حکومتی قرضوں سے منسلک خطرات کا زیادہ سے زیادہ سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2011ء میں بینکوں کی جانب سے حکومتی قرضوں میں سرمایہ کاری بینکوں کے کل اثاثوں کا 32 فیصد ہے جو سال 2010ء میں صرف 22 فیصد تھی۔ رپورٹ کے مطابق اگست 2011ء سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکاری نظام میں رقم فراہم کررہا ہے تاکہ بینکس سرکاری بانڈز میں سرمایہ کاری کرسکیں۔ رپورٹ کے مطابق بینکوں کی جانب سے پاکستانی حکومت کو قرض کی فراہمی سے نجی اداروں کو کم قرض مل رہا ہے۔