Time 07 جولائی ، 2024
دنیا

اسرائیل کا غزہ میں اسکول پر حملہ، 16 فلسطینی شہید

اسرائیل کا غزہ میں  اسکول پر حملہ، 16 فلسطینی شہید
اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں،فلسطینی وزارت صحت / فوٹو رائیٹرز

اسرائیل نے غزہ میں اسکول پر حملہ کرکے 16 فلسطینی شہید کردیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ہفتے کے روز وسطی غزہ میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کو پناہ دینے والے فلاحی ادارے کے اسکول پر  حملہ کیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق نصیرات کیمپ میں قائم اسکول پر حملے کے نتیجے میں 16 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

اس حوالے سے غزہ سول ایمرجنسی سروس کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں بعض کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے جس کے باعث شہادتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں حملہ حماس کے جنگجوؤں کی موجوگی کی اطلاع  پر کیا گیا جو اس جگہ کو  اسرائیلی فوجیوں کے خلاف منصوبہ بندی اور حملوں کے لیے ایک خفیہ ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہے تھے جبکہ حماس کی جانب سے اسرائیل کے بیان کی تردید کی گئی ہے۔

واضح رہے 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔


مزید خبریں :