09 جولائی ، 2024
محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں دوپہر کے بعد کہیں آندھی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش متوقع ہے، دوپہر کے بعد کہیں آندھی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹےکے دوران موسم گرم اورمرطوب رہنےکاامکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکاامکان ہے، شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 59فیصد ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کل سے بحیرہ عرب سے مزید مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی جس کے باعث آج کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کے باعث 10 سے 16 جولائی کے دوران اسلام آباد، پنجاب اورکشمیر میں بارشیں متوقع ہے، 11 سے15 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان جب کہ 12سے14جولائی کے دوران بلوچستان کے بعض مقامات بر بادل برس سکتے ہیں ، 12 اور 13 جولائی کو سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ جیکب آباد 44، سبی، روہڑی ، مٹھی ،موہن جو دڑو 42، پشاور،مظفر آباد ، ڈیرہ اسماعیل خان 39 ، اسلام آباد38 ،کراچی ،لاہور ، کوئٹہ ، فیصل آباد ، دادو 37 اور گلگت میں 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔