09 جولائی ، 2024
گوگل میپس میں ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو آپ کو بالکل پسند نہیں آئے گا۔
گوگل میپس میں اشتہارات دکھانے کے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
امریکا میں اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جس میں ڈرائیونگ کے دوران گوگل میپس کو استعمال کرتے ہوئے اشتہارات نظر آتے ہیں۔
ان نئے پوپ اپ اشتہارات کو صارفین کی جانب سے ناپسند کیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ان اشتہارات میں کینسل اور ایڈ اسٹاپ بٹنز موجود ہوتے ہیں۔
ویسے گوگل میپس میں اشتہارات نئے نہیں بلکہ اب بھی اسپانسر مواد اس نیوی گیشن سروس میں ہائی لائٹ کیا جاتا ہے۔
مگر پوپ اپ اشتہارات پہلے کبھی اس سروس میں نظر نہیں آئے تھے۔
گوگل کے ایک ترجمان نے اس نئے فیچر کی آزمائش کی تصدیق کی۔
مگر ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی نیا فیچر نہیں۔
ترجمان کے مطابق نیوی گیشن کے دوران اس طرح کا مواد دکھانا نیا تصور نہیں، اس سے صارفین کو اپنے قریب موجود ہوٹلوں، دکانوں یا دیگر مقامات کا علم ہوتا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈرائیورز کی توجہ بھٹکنے سے بچانے کے لیے یہ اشتہارات اسی وقت ابھرتے ہیں جب ان پر کلک کیا جاتا ہے اور کچھ وقت کے بعد وہ غائب ہو جاتے ہیں۔