10 جولائی ، 2024
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں آج بھی ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے اور 20 جولائی کے بعد تیز اسپیل شہر پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ کراچی سے دور عمان کی جانب بڑھا ہے جس کے سبب آج چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے اور گرمی کے باعث مقامی سطح پر بادل بن سکتے ہیں جب کہ 20 جولائی کے بعد تیز بارشوں کے اسپیل کراچی پر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہو جائیں گی، آئندہ تین سے چار روز شہرکا موسم بہتر رہے گا جب کہ سمندری بادلوں کے باعث صبح اور رات میں بوندا باندی کا امکان رہے گا، اس دوران درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے درجہ حرارت کی شدت زائد محسوس ہوگی، شہر میں ہواؤں کے باعث حبس نہیں ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، سرجانی سیکٹر سیون اے میں دکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوا۔