Time 12 جولائی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

یوٹیوب شارٹس کے لیے چند نئے دلچسپ فیچرز متعارف

یوٹیوب شارٹس کے لیے چند نئے دلچسپ فیچرز متعارف
کمپنی کی جانب سے ان فیچرز کا اعلان کیا گیا / رائٹرز فوٹو

اگر آپ یوٹیوب پر ٹک ٹاک جیسی مختصر ویڈیوز پوسٹ کرنا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے گئے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں شارٹس کے لیے نئے فیچرز کا اعلان کیا گیا۔

ان میں سے کچھ فیچرز فوری طور پر صارفین کو دستیاب ہوں گے جبکہ دیگر تک رسائی چند ہفتوں میں ممکن ہوگی۔

یوٹیوب شارٹس کا ایک نیا فیچر ٹک ٹاک کے ٹیکسٹ ٹو اسپیچ ویڈیو نیریشن سے ملتا جلتا ہے۔

اس فیچر کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی وائس اوور کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

یوٹیوب شارٹس میں اسکرین کے اوپری بائیں کونے پر ایڈ وائس کے بٹن پر کلک کرکے آپ اپنی پسند کی آواز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

فی الحال اس فیچر کے لیے 4 آوازوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

ایک اور نیا فیچر آٹو جنریٹڈ کیپشنز کا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے آپ ویڈیو سے نکلے بغیر آٹو جنریٹڈ کیپشنز کو استعمال کرسکیں گے جبکہ مختلف فونٹس اور رنگوں سے کیپشنز کے انداز بھی تبدیل کرسکیں گے۔

کمپنی کی جانب سے مائن کرافٹ ایفیکٹس کے ایک نئے سیٹ کو بھی ویڈیو سروس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں جب یوٹیوب کی جانب سے ٹک ٹاک کے فیچرز کی نقل کی گئی ہے۔

اس سے قبل بھی یوٹیوب شارٹس میں ٹک ٹاک جیسے مختلف فیچرز متعارف کرائے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب ٹک ٹاک کی جانب سے اب مختصر کی بجائے طویل ویڈیوز پر زیادہ توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :