13 جولائی ، 2024
نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے سابق کرکٹر کرکٹر انوشمن گائیکواڈ کے علاج کے لیے اپنی پینشن دینےکا اعلان کیا ہے۔
بھارت کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والی ٹیم کے کپتان کپل دیو نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر انوشمن گائیکواڈ کی مالی مدد کرے جو اس وقت بلڈ کیسنر کا شکار ہیں اور لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کپل دیو نے کہا کہ ان کے ساتھ کھیلنے والے باقی کھلاڑی جن میں سنیل گواسکر، سندیپ پٹیل، مدن لال، روی شاستری، کیرتی آزاد اور دیگر کھلاڑی بھی گائیکواڈ کے علاج کے لیے امداد جمع کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔
سابق بھارتی کپتان نے امید ظاہر کی کہ بی سی سی آئی اس معاملے کو دیکھے گا اور گائیکواڈ کے علاج کے لیے مالی امداد کرے گا۔
کپل دیو کا کہنا تھا خوشی ہے کہ آج کے کھلاڑی اچھے پیسے کما رہے ہیں، ہمارے وقت بورڈ کے پاس اتنا پیسہ نہیں تھا، آج انہیں سابقہ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا چاہیے مگر بدقسمتی سے ہمارے پاس کوئی سسٹم نہیں، لوگ پیسے کہاں بھیجیں؟ ایک ٹرسٹ ہونا چاہیے تاکہ لوگ وہاں اپنی رقم دیں اور میرے خیال سے بی سی سی آئی یہ کام کرسکتی ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ٹرسٹ موجودہ اور سابقہ کھلاڑیوں کا خیال رکھے اور اگر ہماری فیملی ہمیں اجازت دے تو ہم اس میں اپنی پینشن کی رقم بھی دینگے۔