Time 17 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

دبئی میں دنیا کی سب سے ماحول دوست سرسبز شاہراہ کی تعمیر

دبئی میں دنیا کی سب سے ماحول دوست سرسبز شاہراہ کی تعمیر
اس شاہراہ کے ڈیزائن جاری کیے گئے ہیں / فوٹو بشکریہ یو آر بی

دبئی دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کا گھر ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہاں بہت کچھ منفرد ہے۔

مگر اب دبئی کے لیے ایک ایسا تعمیراتی منصوبہ سامنے آیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

دبئی کی ایک کمپنی یو آر بی کی جانب سے دنیا کی سب سے ماحول دوست شاہراہ کا ڈیزائن سامنے آیا ہے۔

اس کمپنی نے 64 کلو میٹر طویل شاہراہ کے ڈیزائن جاری کیے ہیں۔

یہ شاہراہ ماحول دوست ٹیکنالوجیز سے لیس کی جائے گی جیسے سولر پاور پر چلنے والی خودکار ٹرامز، اسمارٹ ٹریفک منیجمنٹ اور دیگر۔

کمپنی کے مطابق دبئی بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور 2040 تک اس کی آبادی میں دوگنا اضافے کا امکان ہے، جسے دیکھتے ہوئے موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے تخلیقی سوچ کی ضرورت ہے۔

کمپنی نے کہا کہ خودکار سولر پاور ٹرام اس مجوزہ منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے جبکہ ٹرام لائن کے اوپر سرسبز حصوں، پارکس اور اوور پاسز کا ایک نیٹ ورک موجود ہوگا تاکہ پیدل چلنے والوں کے لیے مختلف علاقوں تک رسائی آسان ہو جائے۔

دبئی میں دنیا کی سب سے ماحول دوست سرسبز شاہراہ کی تعمیر
شاہراہ پر ایک خودکار ٹرام بھی چلائی جائے گی / فوٹو بشکریہ یو آر بی

اس شاہراہ میں مختلف سنسرز نصب ہوں گے تاکہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی کے استعمال کو بھی بہتر بنایا جاسکے۔

شاہراہ پر سولر پینلز اور ان کے اسٹوریج سسٹم نصب ہوں گے جن سے ٹرام لائن کو توانائی فراہم کی جائے گی جبکہ 13 ہزار گھروں کو ماحول دوست بجلی بھی فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح شاہراہ کے ساتھ موجود سر سبز مقامات پر 10 لاکھ درخت نصب ہوں گے تاکہ دبئی کو ٹھنڈا رکھنے کے ساتھ ساتھ فضائی معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔

دبئی میں دنیا کی سب سے ماحول دوست سرسبز شاہراہ کی تعمیر
ٹرام کے لوگوں کے چلنے کے لیے ٹریک بنائے جائیں گے / فوٹو بشکریہ یو آر بی

یہ پہلی بار نہیں جب یو آر بی کی جانب سے دبئی کے لیے ایک منفرد شاہراہ کا ڈیزائن جاری کیا گیا۔

اس سے قبل فروری 2023 میں اس کمپنی نے دبئی میں ایک ائیر کنڈیشنڈ شاہراہ تعمیر کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔

یہ شاہراہ 58 میل طویل ہوگی جس کے اوپر ایک چھت موجود ہوگی اور اسے دی لوپ کا نام دیا جائے گا۔

دبئی میں دنیا کی سب سے ماحول دوست سرسبز شاہراہ کی تعمیر
ٹرام کے ٹریک کے ساتھ سائیکلوں کا ٹریک بھی بنایا جائے گا / فوٹو بشکریہ یو آر بی

بنیادی طور پر یہ شاہراہ سائیکل چلانے یا پیدل گھومنے والوں کے لیے ہوگی۔

کمپنی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پیدل یا سائیکل سے دبئی میں کسی بھی جگہ پہنچ جانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ شاہراہ دبئی کے گرد گھومے گی اور یہ گاڑیوں سے پاک سر سبز راہداری ہوگی تاکہ لوگ پیدل یا سائیکل پر شہر کی سیر کرسکیں۔

مزید خبریں :