Geo News
Geo News

Time 18 جولائی ، 2024
دنیا

2 لاکھ سے زیادہ فالوورز والی سوشل میڈیا انفلوئنسر 'ریل' بناتے ہوئے کھائی میں گرکر ہلاک

2 لاکھ سے زیادہ فالوورز والی سوشل میڈیا انفلوئنسر ریل بناتے ہوئے کھائی میں گرکر ہلاک
آنوی کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد کی بات کی جائے تو ان کے فالوورز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار ہے—فوٹو: بھارتی میڈیا

ممبئی میں 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر آنوی کامدار ریل (مختصر ویڈیو) بناتے ہوئے 300 فٹ گہری کھائی میں گرکر  ہلاک ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنوی پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھیں جو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سفر کے تجربات شیئر کیا کرتی تھیں، وہ ایک طرح سے ٹریول وی لاگر تھیں۔

رپورٹس کے مطابق آنوی کامدار نے 16 جولائی کو اپنے 7 دوستوں کے ہمراہ مون سون سیریز کے سفر کا آغاز کیا تھا جس دوران وہ مہاراشٹرا کی مشہور کمبھے آبشار گئیں، وہاں وہ مون سون سفر کی ویڈیو ریکارڈ کررہی تھیں کہ اچانک ان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ تقریباََ 300 سے 350 فٹ گہری کھائی میں جا گریں۔

ہنگامی طور پر ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی جس کے بعد انوی کو کھائی سے نکالنے کے لیے آپریشن شروع ہوا جو 6 گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد آنوی کامدار کو زندہ حالت میں کھائی سے نکالا گیا جو شدید زخمی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آنوی کامدار کو  اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔

دوسری جانب اگر آنوی کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد کی بات کی جائے تو ان کے فالوورز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار ہے۔