18 جولائی ، 2024
کراچی میں پڑنے والی شدید گرمی کے باعث گزشتہ 2 روز کے دوران ہیٹ اسٹروک سے 2 افراد انتقال کرگئے۔
صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ روز سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے 49 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے دونوں اموات سول اسپتال میں ہوئیں جب کہ جون سے اب تک ہیٹ اسٹروک سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 51 ہوگئی۔
واضح رہے کہ کراچی میں شدید گرمی کا راج برقرار ہے ،ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
ماہرین کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے زیادہ پانی کے استعمال، ہلکے کپڑے پہننے اور گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔