Time 18 جولائی ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کی ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی کی مخالفت، سپریم جوڈيشل کونسل سے رجوع کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایڈ ہاک ججوں کو تعینات کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم جوڈيشل کونسل سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔ 

سنی اتحاد کونسل کے ساتھ مشترکہ اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایڈہاک ججوں کی تعیناتی بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے جس سے  بداعتمادی بڑھے گی۔ 

بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے کو حکومت کے خاتمے کا کاؤنٹ ڈاؤن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی محب وطن پارٹی تھی، ہے اور رہے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں 37  ممبران کے بیانِ حلفی جمع کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کمیشن سے فوری نوٹی فکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل درآمد کروانا چیف جسٹس کی آئينی ذمہ داری ہے۔ 

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ایڈ ہاک جج لگانے کا مقصد ہم خیال ججوں کو لگانا ہے، ایڈہاک جج لگانے سے 56 ہزار کیس ختم نہیں ہوں گے۔ 

شبلی فراز نے کہا کہ پارٹی پر پابندی لگانے کی بات انتہائی بھونڈی حرکت ہوگی، آئین و قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :