Time 19 جولائی ، 2024
دنیا

کیا جو بائیڈن بدھ تک الیکشن سے دستبردار ہوجائیں گے؟

کیا جو بائیڈن بدھ تک الیکشن سے دستبردار ہوجائیں گے؟
فوٹو: فائل

امریکی صدر جو بائیڈن پر دوبارہ صدارت کا امیدوار بننے سے دستبردار ہونے کیلئے دباؤ انتہائی حد تک بڑھ گیا۔

جو بائیڈن کیلئے دوبارہ صدارت کا امیدوار بننے کا امکان ہر گزرتے روز ختم ہو رہا ہے۔ 

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ جو ڈیلی گیٹس جو بائیڈن کو صدارتی امیدوار نامزد کرتے ہیں ان میں سے کئی ایسے ہیں جنہوں نے دو ٹوک انداز سے پارٹی کے سینیئر ترین رہنماؤں کو بتا دیا ہےکہ اگر بائیڈن الیکشن لڑنے کے لیے بہ ضد رہے تو وہ ڈیلی گیٹس ڈیموکریٹ نیشنل کنونشن کا بائیکاٹ کریں گے اور بائیڈن کے حق میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ 

یہ کنونشن اگلے ماہ کی 19 تاریخ کو شکاگو میں ہونا ہے۔ 

آج تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ سابق صدر براک اوباما نے بھی جو بائیڈن پر واضح کردیا ہےکہ ان کے الیکشن جیتنے کا امکان بہت حد تک ختم ہوگیا ہے جس کے بعد صدر بائیڈن پر دباؤبڑھ گیا ہےکہ وہ اس بارے میں اپنے فیصلے کا اعلان کریں۔ 

تاہم یہ اعلان فوری طور پر اس لیے ممکن نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ آج شب ری پبلکن نیشنل کنونشن سے خطاب میں ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے اپنی نامزدگی قبول کریں گے اور اگر بائیڈن آج کو ئی فیصلہ کرتے ہیں تو ری پبلکن پارٹی میں طاقت کا ایک اور انیجکشن لگنے کے مترادف ہوگا۔

ایک سینیئر ڈیموکریٹ رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیونیوزکو بتایا ہے کہ 90 فیصد امکان ہے کہ جو بائیڈن ایک ہفتے کے اندر یعنی 7 روز میں اس بات کا اعلان کرسکتے ہیں کہ وہ دستبردار ہو رہے ہیں۔

جیو نیوز نے ایک اور سینیئر ڈیموکریٹ رہنما سے جب اس بات کی تصدیق کرنا چاہی تو انہوں نے ایک اسٹیپ آگے بڑھ کر یہ بتایا کہ 99 فیصدامکان ہے کہ جو بائیڈن اگلے بدھ تک یہ اعلان کردیں گے کہ وہ دوبارہ الیکشن لڑنے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

تاہم نہ تو وائٹ ہاوس نے اس کی تصدیق کی ہے اور نہ ہی جو بائیڈن کی انتخابی مہم کے مینیجر نے ان دعوؤں کی تصدیق کی ہے۔

لیکن یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ جن دونوں ڈیموکریٹ رہنماؤں سے بات ہوئی ہے وہ انتہائی سنجیدہ اور اہم ہیں اور ان کی باتوں پر بڑی حد تک انحصار کیا جاسکتا ہے تاہم ابھی بائیڈن کی جانب سے حتمی فیصلہ نہیں آیا اس لیے کچھ بھی حتمی نہیں ہے۔

تاہم بائیڈن کے کورونا میں مبتلا ہونے اور یہ کہنے کے اگر ڈاکٹر طبی بنیاد پر کہیں تو وہ دستبردار ہوسکتےہیں، یہ بڑی علامت ہے کہ بائیڈن اپنا ذہن بنا رہے ہیں کیونکہ اس سے پہلے انہوں نے کہا تھا کہ خدا ہی زمین پر اگر آکر کہے گا کہ دوبارہ الیکشن نہ لڑو تو صرف اسی صورت میں میں دستبردار ہوں گا۔

 بائیڈن نے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ خدا زمین پر آکر ان سے یہ نہیں کہے گا۔ تاہم اب لگتا ہے کہ خدا نے آثار ضرور پیدا کردیے ہیں۔

مزید خبریں :