انٹرٹینمنٹ
11 فروری ، 2013

سول سوسائٹی کی جانب سے انصاف کی آس میں کنسرٹ

سول سوسائٹی کی جانب سے انصاف کی آس میں کنسرٹ

کراچی…کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل کیے جانے والے نوجوان شاہ زیب کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جیو ٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 24 دسمبر کی رات قتل کیے جانے والے نوجوان شاہ زیب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جیو ٹیلی وژن نیٹ ورک کے تحت انصاف کی آس کے عنوان سے کراچی پریس کلب میں میوزیکل شو کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف لال بینڈ نے فن کا مظاہرہ کیا اور اپنے نغموں کے ذریعے معاشرے کی عکاسی کی۔ تقریب میں نوجوانوں اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شاہ زیب کی یاد میں شمعیں تھامے لوگوں نے قتل کے افسوسناک سانحے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس میں ملوث افراد کو بھی سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ لال بینڈ کے تیمور رحمان نے اپنے ایک گیت میں شاہ زیب کو انصاف دلانے کی امید کا اظہار کیا اور انھیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ میوزیکل شو میں شریک بچوں نے بھی شاہ زیب کو انصاف دلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ذمے داروں کو سزا مل گئی تو مستقبل میں کوئی ایسا نہیں کر سکے گا۔ تقریب میں سماجی تنظیموں سمیت سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک ہوئے اور لال بینڈ کی جانب سے فیض احمد فیض اور حبیب جالب کے ترقی پسند کلام پرانھیں خوب داد دی۔ جیو ٹیلی وژن نیٹ ورک کے تحت ہونے والا میوزیکل شو رات گئے تک جاری رہا۔ اس موقع پر شرکاء کاکہناتھا کہ شاہ زیب کے قاتلوں کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔

مزید خبریں :