Geo News
Geo News

Time 20 جولائی ، 2024
دنیا

دوست سے مذاق مہنگا پڑ گیا، خاتون تیسری منزل سے گر کر ہلاک

بھارت کے شہر ممبئی میں دوست کے ساتھ کیا گیا مذاق خاتون کی جان لینے کا سبب بن گیا، خاتون عمارت کی تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ممبئی سے 30 کلو میٹر دور گلوب اسٹیٹ بلڈنگ میں پیش آیا جس کی ویڈیو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے منظر عام پر آگئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک خاتون کو تیسری منزل پر لگی باؤنڈری وال پر بیٹھا دیکھاجاسکتا ہے، اسی دوران خاتون کا دوست اس کے گلے میں ہاتھ ڈالتا ہے تو خاتون توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے تیسری منزل سے گر جاتی ہے، دوست خاتون کو بچانے کی کوشش کرتا ہے  لیکن وہ بھی توازن کھو دیتا ہے، خوش قسمتی سے  آس پاس کھڑے افراد مرد کو بچانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون کی شناخت نگینہ دیوی منجرام کے نام سے ہوئی ہے جو  عمارت میں بطور چوکیدار کام کرتی تھی، متاثرہ خاتون کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی بھی ہے۔

 پولیس نے فی الحال افسوسناک واقعے کی ایف آئی آر حادثاتی موت کے طور  پر درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔