Time 20 جولائی ، 2024
پاکستان

بنوں امن مارچ کو کچھ قوتوں نے سیاست کی نذرکیا، معاملے پر پراپیگنڈا ہو رہاہے: عطاتارڑ

بنوں امن مارچ کو کچھ قوتوں نے سیاست کی نذرکیا، معاملے پر پراپیگنڈا ہو رہاہے: عطاتارڑ
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہےکہ بنوں امن مارچ کو کچھ قوتوں نے سیاست کی نذرکیا، اس معاملے پر  پراپیگنڈا کیا جا رہاہے اور فیک نیوز پھیلائی جارہی ہیں۔

جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ  15 جولائی کو بنوں چھاؤنی میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، ایک سپاہی نے جان قربان کرکے ہزاروں افراد کو بچایا، تاجروں نے اجازت لےکر دہشت گردی کے خلاف امن مارچ کرنا چاہا، سیاسی قوتوں نے امن مارچ کو خراب کرنے کی کوشش کی، سیاسی عناصر نے 15جولائی کو حملے کی جگہ جا کر احتجاج کرنےکی کوشش کی۔

عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ  جہاں حملہ ہوا تھا اسی دیوار  پر جا کر تشدد کی کارروائیوں کی کوشش کی، بہت سارے مسلح افراد شامل تھے انہوں نے وہاں فائرنگ کی جس سےلوگ زخمی ہوئے، ہجوم میں شامل عناصر کی فائرنگ سے ایک شخص شہید اور 22 زخمی ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ  بانی پی ٹی آئی کا بیان دیکھا کہ وہاں سیدھی فائرنگ ہوئی، اچھا ہوتا بانی پی ٹی آئی دہشت گردی کے واقعےکی مذمت کرتے، لگتا ہے امن مارچ کو کچھ قوتوں نے سیاست کی نذرکیا، سازش کی گئی، قومی سلامتی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، کسی اور ملک اور بچوں کی تصویر لگا کر کہا جا رہا ہےکہ سیدھی فائرنگ کرکے لوگوں کو شہیدکیا گیا، جس جگہ بھگدڑ مچی، ایک شخص شہید  اور لوگ زخمی ہوئے وہ اس جگہ سے ایک کلومیٹر دور تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ  یہ تمام چیزیں ہمارے نوٹس میں ہیں، پراپیگنڈا کیاجارہاہے فیک نیوز پھیلائی جارہی ہیں، بنوں میں حالات نارمل کی طرف لوٹ  رہے ہیں،کشیدگی نہیں دیکھی گئی، کچھ سیاسی قوتیں اس سے فائدہ اٹھا کر سبوتاژ کرکےکوئی اور رنگ دیناچاہتی ہیں، جس جماعت کی وہاں حکومت ہے اس کے لوگ مارچ میں شامل تھے، وہاں کی حکومت کو  حق نہیں ہونا چاہیےکہ وہ خود اس کی انکوائری کرے، ان کےاپنےلوگ ملوث تھے، وہ احتجاج میں شامل ہوئے، وہ کیسے انصاف کرسکتے ہیں؟

مزید خبریں :