Time 21 جولائی ، 2024
پاکستان

کراچی میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد کی ہلاکت، کے الیکٹرک کا ردعمل بھی آگیا

کراچی میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد کی ہلاکت، کے الیکٹرک کا ردعمل بھی آگیا
افسوسناک حادثہ جائے وقوع پر موجود اشتہاری بورڈ کو ہاتھ لگانے سے پیش آیا جس پر گزرتی تار میں کرنٹ گزر رہا تھا: کے الیکٹرک ترجمان__فوٹو: فائل

کے الیکٹرک نے گزشتہ روز کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کے لیے ہمدردی کا اظہار  کرتے ہوئے دونوں واقعات کی وضاحت کی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سائٹ میٹروویل پر اور لانڈھی میں پیش آنے والے واقعات افسوسناک ہیں، دونوں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ میں کے الیکٹرک کی تنصیبات کا کوئی تعلق نہیں ہے، افسوسناک حادثہ جائے وقوع پر موجود اشتہاری بورڈ کو ہاتھ لگانے سے پیش آیا جس پر گزرتی تار میں کرنٹ گزر رہا تھا ۔

کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ جائے وقوع پر موجود اسٹریٹ لائٹ پول کے الیکٹرک کےدائرہ اختیار سے باہر ہیں۔

واضح رہے کہ لانڈھی مجید کالونی اور سائٹ میٹروول کے علاقوں میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے پر 11 سالہ لڑکے سمیت 2 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :