Time 21 جولائی ، 2024
دنیا

امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان

امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان
جوبائیڈن نے کہا کہ بقیہ مدت صدر کے طور پر فرائض کی تکمیل پر توجہ دوں گا— فوٹو: فائل

امریکی صدر جو بائیڈن نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں جوبائیڈن نے کہا کہ بقیہ مدت صدر کے طور  پر فرائض کی تکمیل  پر توجہ دوں گا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ اپنے فیصلے کے بارے میں اس ہفتے  قوم سے بات کروں گا، میری دستبرداری پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان
سوشل میں جاری کردہ جوبائیڈن کا بیان

 81 سالہ صدر جوبائیڈن پرڈیموکریٹ پارٹی کی طرف سے دستبرداری کے لیے شدید دباؤ تھا۔

اپنے بیان میں صدر بائیڈن نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے صدر کے طور ذمہ داریاں ادا کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان

صدر جوبائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کے لیے موجودہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جوبائیڈن نے صدارتی دوڑ میں شامل رہنے کا فیصلہ اتوار کو اچانک تبدیل کیا، ہفتے کی رات تک صدر بائیڈن صدارتی مقابلے کے لیے پوری طرح تیار تھے۔

ذرائع کے مطابق آج دوپہر کو جو بائیڈن نے اپنی ٹیم کو بتایا کہ انہوں نے اپنا ارادہ بدل دیا ہے۔

جو بائیڈن کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ڈیموکریٹک قانون سازوں اور پارٹی عہدیداروں کی جانب سے ری پبلکن حریف سے مباحثے میں بائیڈن کی ناقص کارکردگی کے بعد ان پر صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کا دباؤ تھا۔

مزید خبریں :