Time 22 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

کملا ہیرس سے متعلق ’دی سمپسنز‘ نے 20 سال پہلے کیا پیشگوئی کی تھی؟

کملا ہیرس سے متعلق ’دی سمپسنز‘ نے 20 سال پہلے کیا پیشگوئی کی تھی؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس حوالے سے میمز کی بھرمار ہوگئی—فوٹو: فاکس نیوز

امریکی صدر جوبائیڈن نے اتوار کی شب صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کردیا جس کے بعد انہوں نے نائب صدر کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارت سے متعلق اینیمیٹڈ سیریز ’دی سمپسنز‘ جو دنیا کے اہم واقعات کے لیے کی جانے والی پیشگوئیوں کے لیے مشہور ہے، اس کی 20 برس قبل کی جانے والی پیشگوئی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس حوالے سے میمز کی بھرمار ہوگئی۔

کارٹون دی سمپسنز کی ایک اور پیشگوئی جلد سچ ثابت ہوتی نظر آرہی ہے جس میں 20 برس قبل پہلی ایشیائی سیاہ فام خاتون کو بطور امریکی صدر کے طور پر دکھایا گیا تھا۔

مارچ 2000 میں دی سمپسنز کی 11ویں سیریز کی 17ویں قسط میں 'لیزا سمپسن' نامی کارٹون کردار کو امریکی صدر کے طور پر دکھایا گیا تھا۔

صرف یہ ہی نہیں بلکہ کارٹون کے کردار نے کملا ہیرس کی طرح پینٹ سوٹ اور موتیوں کی مالا بھی زیب تن کی ہوئی تھی۔

کملا ہیرس سے متعلق ’دی سمپسنز‘ نے 20 سال پہلے کیا پیشگوئی کی تھی؟
فوٹو: فاکس نیوز

جوں ہی گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے دستبرداری اور کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا گیا تو سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ دی سمپسنز کی ایک اور پیشگوئی جلد سچ ثابت ہوگی اور کملا ہیرس اس بار الیکشن جیت کر پہلی ایشیائی سیاہ فام خاتون بن جائیں گی۔

کملا ہیرس سے متعلق ’دی سمپسنز‘ نے 20 سال پہلے کیا پیشگوئی کی تھی؟
فوٹو: اسکرین گریب

واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد سوشل میڈیا پر  متعدد افراد نے دعویٰ کیا کہ دی سمپسنز نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی پہلے ہی پیشگوئی کردی تھی۔

صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر متعدد پوسٹ کی گئیں جن میں ٹرمپ کی مشابہت والےکارٹون کردار کو دکھایا گیا ہے جس میں اسے ڈائس پر تقریر کرتے ہوئے اور پھرکسی حادثے کے بعد کا منظر دکھایا گیا ہے۔ 

صارفین کا دعویٰ تھا کہ یہ دی سمپسنز کی کسی قسط کے مناظر ہیں جن میں ٹرمپ پر حملے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید خبریں :