24 جولائی ، 2024
بالی وڈ کی نامور جوڑی اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی سے متعلق کچھ دلچسپ تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
اداکاری کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی 3 جون 1973 کو ممبئی میں ہوئی تھی جس کے بعد اب بھی دونوں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر دکھائی دیتی ہیں۔
لیکن بہت سے مداح لاعلم ہوں گے کہ امیتابھ کے والد اور لیجنڈری ہندی زبان کے شاعر ہری ونش رائے بچن نے اپنے بیٹے کی شادی کے حوالے سے بعض حیرت انگیز باتیں اپنی سوانح حیات (ان دی آفٹر نون آف ٹائم) میں درج کیں۔
ہری ونش رائے بچن کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے اور بہو نے محبت کی شادی کی اور شادی کی تقریب میں بہت تھوڑے سے لوگ شریک ہوئے، جیا کے خاندان کے افراد شادی سے خوش نظر نہیں آتے تھے، جیا کے والد نے شادی کے بعد مجھ سے کہا کہ میرا خاندان تباہ ہوگیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ یہ شادی امیتابھ اور جیا کے ایک دوست کےگھر کی اوپری منزل پر ہوئی، باراتی صرف 5 افراد پر مشتمل تھے جس میں، وہ خود اور کانگریس پارٹی کے رہنما سنجے گاندھی شامل تھے۔
ہری ونش رائے بچن نے کہا جیا کے والدین چاہتے تھے کہ شادی کی تقریب بنگالی انداز میں ہو جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب شادی کی رسومات مکمل ہوئیں اور میں جیا کے والد کو مبارکباد دینے کے لیے گیا کہ انہیں امیت جیسا داماد ملا، میں توقع کررہا تھا کہ وہ جواب میں کچھ اچھا کہیں گے لیکن انہوں نے کہا 'میرا خاندان تباہ ہوگیا'، یہ سن کر میں ششدر رہ گیا تھا۔
امیتابھ بچن کے والد کے مطابق جیا بچن کے گھر والے اس شادی سے خوش نہیں تھے اور اس کا اندازہ ان کا تقریبات میں عدم دلچسپی دکھانا تھا۔