24 جولائی ، 2024
اب تک متعدد کمپنیوں نے فولڈ ایبل فون تیار کیے ہیں مگر ایپل نے ایسا کوئی آئی فون تیار نہیں کیا۔
ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون 2026 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلا فولڈ ایبل آئی فون فلپ اسٹائل کا ہوگا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے فولڈ ایبل آئی فون کے لیے 2024 میں تحقیق اور تیاری کے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا۔
عموماً ایپل کی جانب سے اسمارٹ فونز کی تیاری کا عمل 2 سال تک مکمل ہوتا ہے اور اسی لیے یہ فولڈ ایبل آئی فون 2026 تک متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا۔
اس ڈیوائس کے لیے فولڈنگ اسکرین ایک جنوبی کورین کمپنی کی جانب سے فراہم کی جائے گی اور اس کے لیے ایپل نے معاہدے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔
رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا کہ جب فلپ آئی فون کو کھولا جائے گا تو اس کا حجم موجودہ آئی فونز جتنا ہی ہوگا۔
اس سے قبل کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایپل کی پہلی فولڈ ایبل ڈیوائس آئی پیڈ ٹیبلیٹ ہوگی، مگر بظاہر کمپنی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر دی ہے۔
نئی رپورٹ کے مطابق چین میں آئی فونز کی فروخت میں کمی کے باعث ایپل نے پہلے فولڈ ایبل آئی فون تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے کسی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلد بازی نہیں کی جاتی اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔
ابھی فولڈ ایبل فونز تیار تو ہو رہے ہیں مگر ان میں کافی مسائل سامنے آرہے ہیں۔