24 جولائی ، 2024
اگر آپ کیل مہاسوں سے پریشان رہتے ہیں تو مچھلی کھانے کی عادت اس سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Journal of Cosmetic Dermatology میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی بھی قسم کی چربی والی مچھلی کھانے سے کیل مہاسوں کے مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
اس تحقیق میں کیل مہاسوں کے شکار 60 مریضوں کو شامل کیا گیا تھا اور دریافت ہوا کہ 98 فیصد افراد کے جسموں میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کی کمی ہے۔
ان افراد کو پھلوں، سبزیوں، گریوں اور مچھلی کے گوشت پر مشتمل غذا اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کے سپلیمنٹس کا استعمال کرایا گیا اور کیل مہاسوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
محققین نے بتایا کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے جسم میں ورم گھٹ جاتا ہے جبکہ جِلد میں تیل بننے کا عمل کا کنٹرول ہوتا ہے جس سے کیل مہاسوں میں کمی آتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پھلوں، سبزیوں، سالم اناج اور مچھلی پر مشتمل غذا سے جسم کو اینٹی آکسائیڈنٹس ملتے ہیں جس سے جِلد کے تمام افعال پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گریوں اور مچھلی کی ورم کش خصوصیات سے چنبل اور کیل مہاسوں سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے جبکہ زیتون کا تیل جِلد کی نمی برقرار رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ کیل مہاسوں کا مسئلہ دنیا بھر میں سب سے عام جِلدی مرض ہے جو 11 سے 30 سال کی عمر کے لگ بھگ 70 سے 80 فیصد افراد کو نشانہ بناتا ہے۔
کیل مہاسوں سے متاثر ہونے کی متعدد وجوہات ہوتی ہیں، کئی بار تو ایسا جینز کی وجہ سے ہوتا ہے جبکہ چہرے کو صابن سے زیادہ دھونے، کم پانی پینے یا گندے ہاتھوں سے چہرے کو زیادہ چھونے سے بھی ایسا ہوتا ہے۔