فیکٹ چیک: ایمسٹرڈیم میں پی آئی اے کے آفس کی عمارت پر Pride Flag آویزاں کیا گیا؟

ایک سینئر اہلکار کے مطابق، تصویر میں دکھایا گیا ایمسٹرڈیم میں پی آئی اے کا دفتر 2018 سے بند ہے

آن لائن گردش کرنے والی ایک تصویر میں مبینہ طور پر سرکاری ملکیت والی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (PIA) کے دفتر کے آفس پر Pride Flag لگا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

دعویٰ گمراہ کن ہے اور اہم سیاق و سباق کے بغیر ہے۔

دعویٰ

19 جولائی کو X، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک صارف نے مبینہ طور پر ایمسٹرڈیم، نیدرلینڈز میں PIA کے دفتر کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں ڈسپلے پر Pride Flag تھا۔

صارف نے اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ”پی آئی اے Pride Flag کی حمایت کرتا ہے۔ “اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک پوسٹ کو 39 ہزار مرتبہ دیکھا اور 714 بار لائک کیا جا چکا ہے۔

فیکٹ چیک: ایمسٹرڈیم میں پی آئی اے کے آفس کی عمارت پر  Pride Flag آویزاں کیا گیا؟

اس تصویر کو دوسرے صارفین نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر بھی اسی طرح کے دعووں کے ساتھ شیئر کیا۔

حقیقت

ایک سینئر اہلکار کے مطابق تصویر میں دیکھے جانے والا نیدرلینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں قائم پی آئی اے کا دفتر 2018 سے بند ہے، جبکہ دفتر کے اوپر Pride Flag درحقیقت پی آئی اے کی جانب سے نہیں بلکہ مقامی بلدیاتی حکومت نے لگایا ہے۔

پاکستان کی قومی ایئر لائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے تصدیق کی کہ وائرل ہونے والی تصویر میں پی آئی اے کا دفتر 2018 میں بند کر دیا گیا تھا جب پی آئی اے نے اس شہر کےلیے پروازیں بند کر دی تھیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پی آئی اے کی ملکیتی عمارت گزشتہ سال ایک اور کمپنی کو لیز پر دے دی گئی تھی۔

عبداللہ حفیظ خان نے مزید وضاحت کی کہ وہاں کی مقامی میونسپل گورنمنٹ نے 27 جولائی سے 4 اگست تک آنے والے Pride Week کی تیاری میں PIA کی عمارت سمیت پوری گلی کو Pride Flag سے سجا دیا تھا۔

جیو فیکٹ چیک کے ساتھ شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پر دوسری عمارتوں پر جھنڈے لگائے گئے ہیں۔

فیکٹ چیک: ایمسٹرڈیم میں پی آئی اے کے آفس کی عمارت پر  Pride Flag آویزاں کیا گیا؟
پی آئی اے ترجمان کی جانب سے شیئر کی گئی اس گلی کی تصاویر جہاں پی آئی اے کا دفتر واقع ہے دیگر Pride Flag کو بھی ڈسپلے میں دکھایا گیا ہے۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔