28 جولائی ، 2024
پاکستان نے فلسطینیوں کی نسل کشی کے جرم پر اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرتے ہوئے اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خان یونس کے محاصرے سے علاقے میں اشیائے خور و نوش دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہے، فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، فلسطین سے متعلق عالمی عدالتی انصاف کے فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں فلسطین کے میڈیکل کے طلباء کے لیے خصوصی انتظام کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ پاک فضائیہ کے 6 جہازوں سے 1200 ٹن اور 3 بحری جہازوں کے ذریعے 1500 ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوایا جا چکا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں 80 فلسطینی شہید ہوچکےجبکہ 4 روز میں خان یونس میں ایک لاکھ 80 ہزار فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔