28 جولائی ، 2024
کیا آپ جانتے ہیں کہ ماضی میں معروف اداکار شتروگھن سنہا نے اپنے دوست امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی کے بعد بھجوایا گیا کارڈ اور مٹھائی واپس لوٹا دی تھی؟
جی ہاں! ان دنوں بھارتی میڈیا پر ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن میں علیحدگی کی خبریں سرگرم ہیں، ایسے میں دونوں سے متعلق دلچسپ حقائق اور ماضی کے قصے بھی بھارتی میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی شادی 20 اپریل 2007 میں ہوئی، بالی وڈ کی یہ شادی دھوم دھام سے ہونے کے بجائے کافی سادگی اور خاموشی سے ہوئی جس میں قریبی رشتہ دار مدعو تھے، بالی وڈ انڈسٹری کے بڑے حصے کو اس شادی میں نہیں بلایا گیا تھا۔
اداکار جوڑے کی شادی سادگی سے ہونے کی وجہ یہ تھی کہ امتیابھ بچن کی والدہ اور ابھیشیک کی دادی تیجی بچن سخت بیمار اور اسپتال میں داخل تھیں، اسی لیے بچن خاندان نے شادی دھوم دھام سے نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ابھیشیک بچن کا بیان:
اس حوالے سے ابھیشیک نے کافی ود کرن میں بتایا کہ دادی کی طبیعت خراب ہونے کے سبب ہم سب کو نہیں بلاسکے تھے، لیکن بعدازاں ہم نے نیک خواہشات کے کارڈز اور مٹھائیاں بھجوائیں جسے ایک شخص کے علاوہ سب نے قبول کیا۔
اداکار کے مطابق شتروگن انکل (سنہا) نے کارڈ اور مٹھائیاں لوٹا دی تھیں جس کا ہم نے برا نہیں منایا، ہم یقیناً سب کو خوش نہیں رکھ سکتے۔
شتروگھن سنہا نے اس حوالے سے کیا کہا؟
ایک انٹرویو کے دوران شتروگھن سنہا سے جب کارڈ اور مٹھائیاں واپس کرنے کا پوچھا گیا تو انہوں نے کہا جب بلایا ہی نہیں تو مٹھائی کس بات کی؟
انہوں نے کہا مجھے امید تھی کہ امیتابھ یا بچن خاندان سے کوئی مجھے مٹھائی بھجوانے سے قبل فون کرے گا، لیکن کسی نے ایسا نہیں کیا۔