12 فروری ، 2013
جوہانسبرگ…جنوبی افریقا کا دورہ کرنے والی پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار ہے ،ٹیم انتظامیہ پریشانیوں میں پڑ گئی،اس مشکل صورتحال میں ٹیم انتظامیہ نے بکرے کا صدقہ دے ڈالا ہے کہ کسی طرح ٹیم سے آفتیں ٹل جائیں، صدقے کا گوشت کیپ ٹاون کے مسلمانوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ ٹیم افریقین سفاری پر سوار ہوئی تو انجری کی صورت میں کھلاڑی ایک ایک کرکے باہر ہوتے چلے گئے، ابھی آزمائش شروع نہیں ہوئی تھی کہ اوپنر توفیق عمر انجری کا شکار ہوئے،پھر پریکٹس میں انجری نے حارث سہیل کو گھیر لیا، اب اوپنر ناصر جمشید کا ٹخنہ مڑ گیا ہے، جنید خان کی ران کی کھال چھل گئی،وکٹ کیپر سرافراز احمد کی ناک پرچوٹ لگ گئی ہے۔پاکستان ٹیم کا دورہ جنوبی افریقا شروع ہوئے ابھی تین ہفتے گزرے ہیں اور آدھی ٹیم انجری کا شکار ہوچکی۔ٹیم انتظامیہ بکرے کا صدقہ کرکے شاید سمجھتی ہے کہ آفتیں ٹل گئیں لیکن ٹیم پر انجری سے بھی بڑی آفت ڈیل اسٹین ،مورنے مورکل اور فیلنڈر ہیں۔دیکھنا یہ ہے کہ فاسٹ بولنگ کے طوفان سے بچنے کے لئے کتنے کالے بکروں کی قربانی کرنی پڑتی ہے۔