29 جولائی ، 2024
بھارت کے معروف اداکار مرحوم یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بالی وڈ اداکار سنجے دت کے بچپن کا واقعہ شیئر کردیا۔
سنجے دت کی آج سالگرہ ہے اور وہ 65 سال کے ہوگئے ۔ اس دن کے حوالے سے اداکار مرحوم دلیپ کمار کی اہلیہ نے سنجے دت کے بچپن کا دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سائرہ بانو کا کہنا تھاکہ سنجے دت ہمیشہ میرے لیے ایک فیملی کی طرح رہا ہے، ہم نے اسے چھوٹے بچے سے ایک قابل ذکر انسان بنتا دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے کہ نرگس آپا چھوٹے سے بچے (سنجے) کو ہمارے گھر فنکشن پر لائیں اور ملاتے ہوئے کہا کہ ’چلو سائرہ جی کو بولو تم کیا بولتے ہو مجھے؟ سنجے نے میری طرف دیکھا اور کہا کہ ’میں سائرہ بانو سے شادی کروں گا‘۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ مجھے یقین ہے میں اور شرمیلا ٹیگور سنجو کی سب سے زیادہ پسندیدہ تھیں۔
اس کے ساتھ ہی سائرہ بانو نے سنجے دت کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔