Time 30 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا بیٹا الیکٹرک بائیک حادثے میں زخمی

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا بیٹا الیکٹرک بائیک حادثے میں زخمی
فوٹو: فائل

ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی اور سابق شوہر اداکار بریڈ پٹ کا 20 سالہ بیٹا سڑک حادثے میں زخمی ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا بیٹا پیکس تھین پیر کو لاس اینجلس میں الیکٹرک بائیک کے حادثے میں زخمی ہوا،جس سے اس کے  سر پر چوٹ آئی اور اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کا بیٹا لاس اینجلس میں اپنی الیکٹرک بائیک چلا رہا تھا کہ سڑک پر ایک کار سے ٹکرا گیا۔

حادثے کے بعد پولیس اور پیرامیڈیکس حکام انجلینا جولی کے بیٹے کو اسپتال لے گئے۔ مبینہ طور پر 20 سالہ پیکس نےحادثے کے وقت ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے بیٹے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور اسے جلد اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے 2014 میں شادی کی تھی تاہم اختلافات کے باعث انجلینا جولی نے 2016 میں بریڈ پٹ سے علیحدگی کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے 2019 میں دونوں کو سنگل ڈیکلیئر کر دیا تھا۔

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ 6 بچوں کے والدین ہیں۔

مزید خبریں :