Time 31 جولائی ، 2024
کھیل

حریف ٹیم کی جاسوسی کا معاملہ: فیفا کے فیصلے کیخلاف کینیڈین فٹبال حکام کی اپیل مسترد

حریف ٹیم کی جاسوسی کا معاملہ: فیفا کے فیصلے کیخلاف کینیڈین فٹبال حکام کی اپیل مسترد
ولمپکس ویمنز فٹبال ایونٹ میں کینیڈا کی ٹیم کے 6 پوائنٹس کاٹے تھے—فوٹو: فائل

کھیلوں کی عالمی ثالث عدالت نے حریف ٹیم کی جاسوسی کے معاملے پر فیفا کے فیصلے کے خلاف کینیڈین فٹبال حکام کی اپیل کو مسترد کر دیا۔

فیفا نے حریف ٹیم نیوزی لینڈ کی تیاریوں کی جاسوسی کیلئے ڈرون استعمال کرنے پر اولمپکس ویمنز فٹبال ایونٹ میں کینیڈا کی ٹیم کے 6 پوائنٹس کاٹے تھے۔

 فیفا نے کینیڈین فٹبال ایسوسی ایشن پر 2 لاکھ سوئس فرینک (2 لاکھ 26 ہزار 346 امریکی ڈالرز) کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ 

 کینیڈا نے فیفا کے فیصلے کیخلاف سی اے ایس میں اپیل کی تھی۔اپیل میں کینیڈین فٹبال حکام نے پوائنٹس کی کٹوتی منسوخ یا سزا میں نرمی چاہی تھی۔ 

تاہم کھیلوں کی عالمی ثالث عدالت نے 30 جولائی کو معاملے پر سماعت کی جس میں سی اے ایس ایڈ ہاک پینل نے سماعت کے بعد کینیڈا کی اپیل کو مسترد کردیا۔

 سی اے ایس کی جانب سے مختصر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جبکہ حتمی فیصلہ بعد میں جاری ہوگا۔

خیال رہے کہ کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 25 جولائی کو میچ ہوا تھا جو کینیڈا نے 1-2 سے جیت لیا تھا۔

مزید خبریں :