Time 01 اگست ، 2024
دنیا

غزہ: اسماعیل ہنیہ کے گھر کے قریب رپورٹنگ کرتے الجزیرہ کے صحافی اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں شہید

اسرائیلی فوج نے الجزیرہ ٹی وی کے صحافی اسماعیل الغول اور کیمرا مین رامی الریفی کو ٹارگٹ کرکے قتل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں صحافی شمالی غزہ میں اسماعیل ہنیہ کے گھر کے قریب رپورٹنگ کررہے تھے کہ اس دوران فضائی حملہ کیا گیا۔

انخلا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے دونوں علاقے سے نکلے تو دوسرے حملے میں ان کی کار کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 108 صحافی اور 165 میڈیا ورکر شہید کیے جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ 31 جولائی کو ایران کے شہر تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید ہوگئے۔

حماس نے تہران میں کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کی جب کہ حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔

ایرانی ٹی وی کا کہنا ہےکہ اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے، ان کی قیام گاہ پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا گیا۔

فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہنیہ حماس کے سیاسی سربراہ اور حماس کے پولیٹیکل بیورو کے چیئرمین تھے، 2017 میں انہیں خالد مشعال کی جگہ حماس کا سیاسی سربراہ مقرر کیا گیا، وہ 2023 سے قطر میں قیام پذیر تھے۔

مزید خبریں :