02 اگست ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم بڑا سیاسی اتحاد بنانے جا رہے ہیں، اگلے 15 روز کے اندر بڑا اتحاد بنائیں گے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کو سپورٹ کرتے ہیں، گرینڈ الائنس میں ہم ہر اس پارٹی کو ساتھ ملائیں گے جو اس حکومت کے خلاف ہو۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست صوابی میں بڑا جلسہ ہوگا بانی پی ٹی آئی سمیت تمام اسیران کیلئے آواز اٹھانی ہے، پورے ملک کے لوگوں کو جلسے میں آنا ہے، تاکہ ہم بتاسکیں کہ یہ ملک آئین کے مطابق چلے گا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مغربی ممالک کو پیغام دیا ہے کہ مغربی ممالک کو نظر نہیں آ رہاکہ غزہ میں قتل عام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی پر زور مذمت کرتے ہیں، اسرائیل آج ہر قدم غلط اٹھاتا ہے اور اس کو روکنے والا کوئی نہیں، سب ممالک مل کر فلسطین میں امن قائم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج عوام میں سے ہوتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج ن لیگ والے بڑھا رہے ہیں، قاضی فائز عیسی کو ہمارے کیسز ہی نہیں سننے چاہیے، چیف جسٹس کو چاہیے کہ توشہ خانہ کا کیس سنیں یا کسی اور کو دے دیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے ہاتھوں میں رہائی کی روبکار تھی لیکن بشریٰ بی بی کو رہا نہیں کیا گیا، ہمارے سوشل میڈیا ٹیم کے لوگوں کو اٹھایا گیا، رؤف حسن کو سی ٹی ڈی کی تحویل میں رکھا گیا ہے، ان پر الزام ہے کہ 3 لاکھ روپے دے کر بارود پی ٹی آئی کے دفتر میں رکھا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں نے ہمارے ایم این اے حاجی امتیاز کو ٹکر ماری اور اینٹی کرپشن میں رکھا ہے۔