Time 02 اگست ، 2024
دنیا

ہنیہ کی شہادت: تل ابیب میں ترک سفارتخانے پر جھنڈا سرنگوں کرنے پر اسرائیل سیخ پا

ہنیہ کی شہادت: تل ابیب میں ترک سفارتخانے پر جھنڈا سرنگوں کرنے پر اسرائیل سیخ پا
وزیراعظم او روزیرخارجہ ترک سفیرکو ملک سے بےدخل کریں، اسرائیلی وزیر/  فوٹو: غیر ملکی میڈیا

مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے سوگ میں تل ابیب میں قائم ترک سفارت خانے پرجھنڈا سرنگوں کرنے پر اسرائیلی وزیر برہم ہوگئے۔ 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ترکیہ میں آج  یوم سوگ منایا جارہا ہے اور اس حوالے سے تل ابیب میں قائم ترک سفارت خانے پر ترکیہ کا جھنڈا سرنگوں کیا گیا۔

ترکیہ کے اس عمل پر اسرائیلی وزیر برہم ہوگئے۔ اسرائیلی وزیر بن گویر نے کہا کہ ترک سفیر اپنا جھنڈا مکمل طور پر اتار کر اپنے ملک واپس چلے جائیں، وزیراعظم اور وزیرخارجہ ترک سفیرکو ملک سے بےدخل کریں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے پرچم سرنگوں کرنے پر اسرائیل میں ترکیہ کے ڈپٹی سفیر کو طلب کرلیا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کٹز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی ریاست اسماعیل ہنیہ جیسے کسی بھی قاتل کا سوگ منانے کی اجازت نہیں دیگی۔ 

خیال رہےکہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔

اسماعیل ہنیہ کا نماز جنازہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں ادا کیا گیا جس میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

مزید خبریں :