13 فروری ، 2013
لاہور…مسلم لیگ کے رہنما میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ کامرہ حملے میں اربوں روپے کا طیارہ تباہ ہوا، افسوس کی بات ہے کہ جس قوم کے پیسے سے قیمتی سامان خریدا جاتا ہے اسے نقصان کے بارے میں بتایا نہیں جاتا۔ ائیر مارشل ریٹائرڈ مسعود اختر کہتے ہیں کہ واقعے کی مکمل ذمے داری پاک فضائیہ پر نہیں ڈالی جاسکتی۔ سولہ اگست 2012 کو پاک فضائیہ کے ائیر بیس منہاس پر ہونیو الے حملے میں ساب 2000 طیارے کو شدید نقصان پہنچا تھا،کچھ روز پہلے سیکریٹری دفاع نے یہ اعتراف کیا کہ دہشت گردوں کی کارروائی میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا، اس معاملے پر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے سوال اٹھایا کہ قوم کو پہلے دن ہی کیوں سچ نہیں بتایا گیا۔ ائیر مارشل ریٹائرڈ مسعود اختر نے جیو نیوز کے پروگرام آج کا مران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل ذمہ داری پاک فضائیہ پر نہیں ڈالی جاسکتی، پاک فضائیہ نے بہت کم وقت میں دہشت گردوں کو قابو کرلیا تھا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ سیکریٹری دفاع کے مطابق ائیر فورس کے اندر سے بھی لوگ اس واقعے میں ملوث تھے۔