Time 03 اگست ، 2024
پاکستان

مانسہرہ: برساتی نالے کے ملبے سے دریائے کنہار کا بہاؤ رک گیا، مہانڈری بازار ڈوبنے کا خطرہ

مانسہرہ: برساتی نالے کے ملبے سے دریائے کنہار کا بہاؤ رک گیا، مہانڈری بازار ڈوبنے کا خطرہ
فوٹو: فائل

مانسہرہ میں مہ نور برساتی نالے میں طغیانی کے ساتھ آنے والے ملبے سے دریائے کنہار کا بہاؤ رک گیا جس سے کئی میل تک بننے والی لمبی جھیل مہانڈری بازار کیلئے بھی خطرہ بن گئی۔

گزشتہ روز مہ نور ویلی میں تیز بارش سے دوسرے بڑے سیلابی ریلے نے مہانڈری میں مزید تباہی مچادی تھی۔ سیلابی ریلے سے متعدد دکانوں اور مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ مرکزی پل بہہ جانے کے بعد بنایا گیا متبادل راستہ بھی سیلاب کی نذر ہوگیا۔

دریائے کنہار پر بننے والی جھیل کے باعث کسی بھی خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے جھیل کنارے 9 ہوٹلز خالی کرالیے جبکہ ایک ہوٹل میں جھیل کا پانی داخل ہوگیا، جھیل کا پانی دکانوں میں بھر جانے سے چار دکانیں بھی بہہ گئیں۔

مقامی رہائشیوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر جھیل کو توڑا نہ گیا تو مہانڈری بازار مکمل ڈوب سکتا ہے جبکہ بازار میں کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہونے والی ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے وادی کاغان سے سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں کے قافلے چلاس کے راستے سے واپس روانہ کردیے۔

ادھر چترال کے بالائی پہاڑوں میں گلیشیئرز پھٹنے سے دریائے چترال میں اونچے درجے کے سیلاب سے نشیبی علاقوں میں مکانات اور باغات کو نقصان پہنچا ہے، درجنوں دیہات ڈوب گئے ہیں۔ گرینلشٹ گاؤں کے رہائشی مکانات خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے علاقے سیہون میں بارش کے بعد پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی سے اونٹ پلان سمال ڈیم ٹوٹ گیا جس کے باعث 5 دیہات زیرِ آب آگئے، سیلابی ریلا کپاس اور پیاز کی کھڑی فصلوں میں داخل ہوگیا۔

پنجاب کے علاقے راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی، حاجی پور میں نوجوان سیلابی پانی میں ڈوب گیا. انتظامیہ کی جانب سے برساتی ندی نالوں کے راستوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور مساجد میں اعلانات کرائے جا رہے ہیں۔

روجھان میں بھی سیلابی پانی فصلوں میں داخل ہو گیا، تحصیل جام پور، راجن پور، روجھان کے پانی کے گزرگاہوں پر بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے ممکنہ خدشات ہیں۔

بلوچستان میں بولان پنجرہ پل کے مقام پرکازوے زیر آب ہے جس کے بعد سڑک ہیوی ٹریفک کیلئے مکمل بند کردی گئی ہے البتہ زیر تعمیر پنجرہ پل کو چھوٹی گاڑیوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :