03 اگست ، 2024
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں کراچی کے اندر بارشوں کے تیز اسپیل سے بھی خبردار کردیاہے۔
کراچی میں ڈیفنس، کلفٹن، کیماڑی، آئی آئی چندریگر روڈ، لانڈھی اور کورنگی میں تیز بارش ہوئی، دیگر علاقوں میں برسات کے تیور معتدل رہے، بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جبکہ کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
بارش کے بعد ایم اے جناح روڈ، کھارادر، لیاری، ٹاور، بولٹن مارکیٹ، نیوچالی سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، شہر کی مرکزی شاہراہوں سے تو پانی نکال لیا گیا مگر گلی محلوں میں بارش کا پانی تاحال موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور بھارتی راجستھان سے شدت کی مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہو رہی ہیں جس کے زیر اثر 7 اگست تک موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیر سے بدھ کے درمیان تیز بارش کا امکان ہے، کراچی میں بارش کے ایک یا دو تیز اسپیل بھی ہوسکتے ہیں، اکثر مقامات پر 40 سے 60 ملی میٹر بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر اس پورے اسپیل کے دوران 100 ملی میٹر یا اس سے زیادہ بارش بھی ہوسکتی ہے۔
شہر میں اب تک سب سے زیادہ بارش کیماڑی میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔