03 اگست ، 2024
اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے رؤف حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہرعباس سِپرا نے رؤف حسن کے ریمانڈ پر سماعت کی جس دوران پی ٹی آئی رہنما کے وکیل علی بخاری انسداد دِہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سی ٹی ڈی نے رؤف حسن کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
عدالت نے رؤف حسن کی جانب سے درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر 6 اگست کے لیے نوٹسز بھی جاری کردیے۔
اس سے قبل اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے سے رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم ان کی رہائی عمل میں نہیں آسکی۔