03 اگست ، 2024
پیرس اولمپکس کے دوران تنازعات میں الجھی الجیرین باکسر ایمان خلیف کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی لڑکی ہے، اس کی پرورش لڑکیوں کی طرح ہوئی اور فیملی کی ہر دستاویز میں وہ بطور لڑکی ہی درج ہے۔
پیرس اولمپکس میں ایمان خلیف کے مقابل اطالوی باکسر کے باؤٹ سے 46 سیکنڈز میں دستبردار ہوجانے کے بعد سے الجیرین باکسر ایک تنازع کا شکار ہیں جس میں ان کی خواتین باکسنگ کے مقابلوں میں شرکت کی اہلیت موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
معاملے پر ایمان خلیف کے والد عمار خلیف نے ایک فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران فیملی کی دستاویزات بھی پیش کیں جس میں ایمان خلیف کی تاریخ پیدائش درج ہے اور ساتھ ان کا لڑکی ہونا تحریر ہے۔
عمار خلیف کا کہنا ہےکہ ان کی بیٹی ایک لڑکی ہے، جس کی پرورش لڑکیوں کی طرح ہی ہوئی ہے۔ باکسر کے والد کا کہنا ہےکہ انہوں نے ایمان خلیف کو مضبوط اور بہادر ہونا سکھایا ہے۔
عمار خلیف نے تنازعات کا سبب بنے والی اطالوی باکسر کے بارے میں کہا کہ اطالوی حریف ان کی بیٹی کو شکست نہ دے سکی کیونکہ وہ کمزور اور ایمان خلیف مضبوط ہے۔
انہوں نے اپنی فیملی کی دستاویزات دکھاتے ہوئےکہا کہ ان دستاویزات میں درج ہےکہ ایمان خلیف دو مئی 1999 کو پیدا ہونے والی لڑکی ہے۔ 1999 میں رجسٹرڈ ہونے والی دستاویزات جھوٹ نہیں ہیں، ایمان خلیف الجزائر کی خواتین کے لیے ایک مثال ہے۔
انہوں نےکہا کہ اگر اللہ نے چاہا تو ایمان خلیف الجزائرکے لیےگولڈ میڈل جیتےگی اور ملک کا پرچم سربلند کرے گی اور یہی ان کا اور ان کی فیملی کا واحد اور ہمیشہ سے مقصد رہا ہے۔