04 اگست ، 2024
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے شہید رہنما اسماعیل ہنیہ کی بہو نے ان کی طیارے میں سفر کے دوران قرآن پاک پڑھتے ہوئے تصویر شیئر کر دی۔
ممکنہ طور پر یہ تصویر ایران جاتے ہوئے طیارے میں لی گئی ہے۔
اسماعیل ہنیہ کی بہو ایناس ہنیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مذکورہ تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کا عنوان ’آخری سفر، آخری تصویر‘ تحریر کیا۔
تصویر کے کیپشن میں ایناس ہنیہ نے کہا کہ شہید کمانڈر اسماعیل ہنیہ اپنے آخری سفر پر ہوائی جہاز میں بیٹھے قرآن پاک کی تلاوت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ اس وقت سورۃ النساء کی آیت نمبر 74 کی تلاوت کررہے ہیں جس کا ترجمہ ہے کہ 'تو انہیں اللہ کی راہ میں لڑنا چاہیے جو دنیا کی زندگی بیچ کر آخرت لیتے ہیں اور جو اللہ کی راہ میں لڑے پھر مارا جائے یا غالب آئے تو عنقریب ہم اسے بڑا ثواب دیں گے'۔
اسماعیل ہنیہ کی بہو نے لکھا کہ یہ لمحہ اس بات کا اعلان تھا کہ انہوں نے دنیا پر آخرت کو ترجیح دی اور جہاد کے راستے کو خلوص اور ایمان کے ساتھ اختیار کیا۔
ایناس ہنیہ نے کہا کہ اللّٰہ سے دعا ہے کہ وہ انہیں شہید کے طور پر قبول فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔
واضح رہے کہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران میں موجود تھے۔