Time 05 اگست ، 2024
دنیا

سب سےطویل عرصے تک حکمران رہنے والی خاتون سربراہ کے اقتدار کا سورج ڈوب گيا

بنگلا دیش میں سب سے طویل عرصے تک وزیرا‏عظم رہنے والی شیخ حسینہ واجد کے اقتدار کا سورج 16 سال بعد ڈوب گيا۔

76 سالہ حسینہ واجد بنگلادیش کے پہلے صدر شیخ مجیب الرحمان کی صاحبزادی ہیں، حسینہ واجد 2009 سے مسلسل اقتدار میں تھیں، وہ رواں سال جنوری میں چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوئيں لیکن بنگلا دیش کے آخری انتخابی عمل میں اپوزيشن کا مکمل بائيکاٹ رہا، اس سےپہلے شیخ حسینہ واجد  3  بار  اپوزيشن لیڈر بھی رہیں۔ 

حسینہ واجد کو دنیا ميں سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والی منتخب خاتون سربراہ کا اعزاز حاصل رہا۔

گزشتہ ماہ سے جاری عوامی مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ واجد آج عہدے سے مستعفی ہوکر فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارتی شہر اگرتلہ پہنچیں جہاں سے وہ دہلی روانہ ہوئیں۔ 

بھارتی میڈيا کے مطابق بھارت شیخ حسینہ کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، مبینہ طورپر شیخ حسینہ واجد بھارت سے لندن جائيں گی، بھارت میں حسینہ واجد کی اہم حکومتی رہنماؤں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

صورتحال کے پیش نظر بھارتی حکومت نے بھارت بنگلا دیش سرحد پر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔


مزید خبریں :