Time 05 اگست ، 2024
دنیا

بنگلادیش میں مظاہرین نے شیخ مجیب کی ذاتی رہائش گاہ کو آگ لگادی

بنگلادیش میں مظاہرین نے شیخ مجیب کی ذاتی رہائش گاہ کو آگ لگادی
ڈھاکا میں شیخ مجیب کی رہائش گاہ 32 دھان منڈی— فوٹو: بنگلادیشی میڈیا

بنگلادیش: شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد مظاہرین نے ڈھاکا میں شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش کو آگ لگادی۔

بنگلادیش کے مقامی اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد مظاہرین نے ڈھاکا کے علاقے گلستان میں واقع عوامی لیگ کے ہیڈ کواٹرز کو آگ لگادی۔

مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ شام 4 بجے پیش آیا اور  اس دوران مظاہرین شیخ حسینہ واجد اور عوامی لیگ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

مقامی اخبار کے مطابق اسی اثنا میں مظاہرین نے بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ 32 دھان منڈی، جو اب بنگا بندھو میمورئیل میوزیم ہے، کو بھی آگ لگادی۔

مقامی اخبار کے مطابق مظاہرین نے اس دوران نعرے بازی بھی کی اور عمارت میں رکھا فرنیچر اور دیگر اشیا ساتھ لے گئے۔

خیال رہے کہ 32 دھان منڈی ڈھاکہ میں شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ تھی اور یہیں  15 اگست 1975 کو فوجی بغاوت کے دوران انہیں قتل کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :