Time 07 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ساس بننے کیلئے تیار نہیں تھی اس لیے کچھ غلطیاں ہوئیں: صبا فیصل کا اعتراف

ساس بننے کیلئے تیار نہیں تھی اس لیے کچھ غلطیاں ہوئیں: صبا فیصل کا اعتراف
صبا فیصل ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں مہمان بنیں جہاں ان سے ساس بننے سے متعلق سوال پوچھا گیا/ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اعتراف کیا ہےکہ وہ ساس بننے کیلئے تیار نہیں تھیں اس لیے کچھ غلطیاں ہوئیں۔

صبا فیصل ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں مہمان بنیں جہاں ان سے ساس بننے سے متعلق سوال پوچھا گیا۔

اداکارہ نے جواب دیا کہ میں اپنے بڑے بیٹے کی شادی کیلئے بہت خوش تھی، بہت تیاریاں کیں، میں اپنی خوشی کیلئے سوچتی تھی لیکن میں نے یہ نہیں سوچا کہ جو میرے گھر آرہی ہے وہ کیا محسوس کرے گی اور پہلے بچے کی شادی کیلئے کوئی بھی ماں بہت پرجوش اور خوش ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی سے پہلے کسی بھی لڑکی کو کھانا بنانا نہیں آتا کیونکہ لڑکیاں پڑھ رہی ہوتی ہیں تو ان کی شادی ہوجاتی ہے، میری بھابھی کو بھی کھانا بنانا نہیں آتا تھا میری والدہ نے سکھایا تھا تو مجھے لگا یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاید میں نے تیاری نہیں کی تھی اور میں نے ساس بننے کیلئے خود کو ذہنی طور پر تیار نہیں کیا تھا، اس لیے میں نے بہو سے بہت امیدیں لگا لی تھیں، بہو کے گھر کا ماحول اور میرے گھر کا ماحول بلکل الگ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نہیں سمجھتی کسی کا کوئی قصور تھا میرا قصور تھا، میں اب خود کو ذمہ دار ٹھہراتی ہوں، مجھے پہلے اپنی بہو کو ٹائم دینا چاہیے تھا، شروع شروع میں یہ غطیاں ہو جاتی ہیں، میری بہو بہت پڑھی لکھی اور سمجھدار ہے، شاید میں نے اسے سمجھنے میں غلطی کی، میں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا اور دوسرے بیٹے کی شادی پر مجھے سمجھ آگئی تھی اور اب میں دوسرے لوگوں کی تربیت کرسکتی ہوں۔

مزید خبریں :