Time 07 اگست ، 2024
کھیل

بھارتی خاتون ریسلر 100 گرام وزن زیادہ ہونے کے باعث اولمپکس فائنل کیلئے نااہل قرار

بھارتی خاتون  ریسلر  100 گرام وزن زیادہ ہونے کے باعث اولمپکس فائنل کیلئے نااہل قرار
ونیش پھوگاٹ نے 50 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں کیوبا کی یوزنیلیس گزمین کو شکست دی—فوٹو: رائٹرز

بھارت کی اسٹار ریسلر  ونیش پھوگاٹ کو محض 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغے کے مقابلے کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا ۔

ونیش پھوگاٹ نے 50 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں کیوبا کی یوزنیلیس گزمین کو شکست دینے کے بعد آج فائنل میں امریکا کی سارہ ہلڈیبرانڈ کے ساتھ مقابلہ کرنا تھا۔

بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کو ذرائع نے بتایا کہ منگل کی رات پھوگاٹ کا وزن تقریباً 2 کلو گرام زیادہ تھا جس کی وجہ سے وہ رات بھر جاگنگ، اسکپنگ اور سائیکل چلا کر وزن کم کرنے کی کوشش کرتی رہیں لیکن صبح کے وقت جب ان کا وزن کیا گیا تو  وہ 50 کلوگرام سے 100 گرام زیادہ تھا۔

محض 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن نے پیرس کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے ان کی نااہلی کی تصدیق کی۔

بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ  رات بھر ٹیم کی بہترین کوششوں کے باوجود آج صبح  پھوگاٹ کا وزن 50 کلوگرام سے کچھ گرام زیادہ تھا جس کی وجہ سے وہ مقابلے کے لیے نااہل ہو گئی ہیں۔

اس نااہلی کی وجہ سے پھوگاٹ نے بھارت کے لیے اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی ہندوستانی ریسلر بننے کا موقع گنوا دیا ہے۔

اولپمکس ویب سائٹ کے مطابق فائنل میں اب سارہ ہلڈیبرانڈ کا مقابلہ کیوبا کی یوزنیلیس گزمین کے ساتھ ہوگا جنہیں ونیش پھوگاٹ نے سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔

مزید خبریں :