Time 08 اگست ، 2024
کھیل

اولمپکس سے ڈس کوالیفائی ہونیوالی بھارتی خاتون ریسلرکا عالمی عدالت سے رابطہ

اولمپکس سے ڈس کوالیفائی ہونیوالی بھارتی خاتون ریسلرکا عالمی عدالت سے رابطہ
فوٹو: ونیش پھوگٹ فائل

پیرس اولمپکس سے ڈس کوالیفائی ہونے والی بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ نے کھیلوں کی عالمی عدالت سے رابطہ کرلیا۔

ونیش پھوگاٹ کو بدھ کی صبح اوور ویٹ ہونے کی وجہ سے فائنل سے قبل ڈس کوالیفائی کردیا گیا۔

بھارت کی اسٹار ریسلر ونیش پھوگاٹ کو محض 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغے کے مقابلے کیلئے نااہل قرار دیا گیا ۔

منگل کو ہونے والے مقابلوں سے قبل ونیش کا ویٹ حد کے اندر تھا۔

قوانین کے مطابق ڈس کوالیفائی ہونیوالے ایتھلیٹس پوزیشن میں آخری نمبر پر چلے جاتے ہیں، تاہم بھارتی ریسلر نے پہلے روز ویٹ کے جائز ہونے کی بنیاد پر سلور میڈل کیلئے کھیلوں کی عالمی ثالث عدالت میں اپیل کی ہے۔

ونیش پھوگاٹ کا کہنا ہے کہ مجھے سلور میڈل کا حقدار قرار دیا جائے۔

کھیلوں کی عالمی ثالث عدالت پھوگاٹ کی اپیل پر آج فیصلہ دے گی۔

واضح رہے کہ ونیش پھوگاٹ نے 50 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں کیوبا کی یوزنیلیس گزمین کو شکست دینے کے بعدکل فائنل میں امریکا کی سارہ ہلڈیبرانڈ کے ساتھ مقابلہ کرنا تھا۔

دوسری جانب بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کو ذرائع نے بتایا کہ منگل کی رات پھوگاٹ کا وزن تقریباً 2 کلو گرام زیادہ تھا جس کی وجہ سے وہ رات بھر جاگنگ، اسکپنگ اور سائیکل چلا کر وزن کم کرنے کی کوشش کرتی رہیں لیکن صبح کے وقت جب ان کا وزن کیا گیا تو وہ 50 کلوگرام سے 100 گرام زیادہ تھا۔

محض 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن نے پیرس کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے ان کی نااہلی کی تصدیق کی۔

اس نااہلی کی وجہ سے پھوگاٹ نے بھارت کے لیے اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی بھارتی ریسلر بننے کا موقع گنوا دیا ہے۔

مزید خبریں :