08 اگست ، 2024
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل2024 پر دستخط کر دیے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے سینیٹ سیکرٹریٹ بجھوایا گیا۔
اب قومی اسمبلی کی جانب سے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع ایوان صدر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پر تاحال دستخط نہیں کیے۔
ذرائع ایوان صدر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت قانونی مشاورت کے بعد الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کریں گے، صدر کے دستخط کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرےگا۔
یاد رہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل دو روز قبل قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا جبکہ گزشتہ روز سینیٹ نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔