09 اگست ، 2024
پیرس اولمپکس میں ریکارڈ بناکر 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کیلئے بھارت سے بھی تہنیتی پیغامات آگئے۔
پیرس اولمپکس میں گزشتہ شب مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوا دیا۔
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بھی بنایا جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
اس کامیابی کے بعد ارشد ندیم کیلئے ہر طرف سے مبارک ، سلامت کے پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔ ایسے میں بھارت سے بھی تہنیتی پیغامات آرہے ہیں۔
ارشد ندیم کے کارنامے پر سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر یووراج سنگھ نے سوشل میڈل پر نیرج چوپڑا کو سلور میڈل جیتنے پر سراہا اور ساتھ ہی پاکستان کے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
سابق بھارتی کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر روی شاستری نے کہا کہ ارشد ندیم کی دو بار 90 میٹر کی تھرو غیر معمولی اور شاندار تھی، ایسا پہلے کبھی سننے کو نہیں ملا۔
اس کےعلاوہ سابق بھارتی بیٹر محمد کیف کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے لیے یہ قابلِ فخر لمحہ ہے، یہ کھیل ہم سب کو متحد کرتے ہیں۔