10 اگست ، 2024
پیرس اولمپکس کے دوران تنازعات میں الجھی الجیرین باکسر ایمان خلیف نے خواتین کے باکسنگ مقابلوں کا گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
پیرس اولمپکس کے ویمن باکسنگ 66 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل مقابلے میں ایمان خلیف نے چین کی حریف کھلاڑی یینگ لیو ٹنگ کو 0-5 پوائنٹس سے شکست دی۔
اولمپکس کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر الجزائر کی خاتون باکسر ایمان خلیف نے منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا۔
ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں اٹالین باکسر اینجلا کیرینی نے صرف 46 سیکنڈز کے بعد ہی ایمان خلیف سے لڑنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایمان خلیف نے نہ صرف تمام فائٹس جیتیں بلکہ فیصلہ کن معرکے میں بھی کامیابی حاصل کر کے اس گیمز میں الجزائر کو دوسرا گولڈ میڈل جتوادیا۔
اولپمکس مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد الجیرین خاتون باکسر ایمان خلیف کا کہنا تھا کہ تھا کہ آج میں بہت خوش ہوں، یہ میرا خواب تھا، آج میں اولمپک چیمپئن ہوں میں نے اس کامیابی کیلئے لگاتار 8 سال محنت کی ہے، آج میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔
مقابلوں میں چینی خاتون باکسر یینگ لیو ٹنگ نے سلور، تھائی لینڈ کی جینجائم سواناپھینگ اور تائیوان کی چین نینچن نو برانز میڈل حاصل کیے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں ایمان خلیف کے مقابل اطالوی باکسر کے باؤٹ سے 46 سیکنڈز میں دستبردار ہوجانے کے بعد سے الجیرین باکسر ایک تنازع کا شکار رہیں جس میں ان کی خواتین باکسنگ کے مقابلوں میں شرکت کی اہلیت موضوع بحث بنادی گئی تھی۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (آئی او سی) نے ایمان خلیف کی حمایت کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ وہ ویمن باکسنگ میں لڑنے کی اہل ہیں۔
آئی او سی کے مطابق گمراہ کن رپورٹس کی بنیاد پر اولمپکس میں شریک دو باکسرز کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، خواتین باکسنگ میں شریک تمام باکسر شرکت کی اہلیت کے معیار پر پورا اترتی ہیں۔
آئی او سی کے مطابق پیرس اولمپکس میں باکسنگ کے وہی ضوابط نافذ العمل ہیں جو 2021 میں تھے، ان ہی تمام قوانین کے تحت اولمپک باکسنگ کے تمام کوالیفائنگ راؤنڈز منعقد کئے گئے ہیں۔
الجیرین باکسر ایمان خلیف سے متعلق تنازع شدت اختیار کرنے کے بعد فائٹ سے قبل ہنگری کی باکسر لوسا ہموری نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹس کیں تھیں اور شدید تنقید کے بعد پوسٹس ہٹا دیں تھیں جبکہ اٹالین باکسر اینجلا نے بھی بعد میں اپنے رویے پر ایمان خلیف سے معافی مانگ لی تھی۔